نگران حکومت الیکشن کرانے کی ذمہ داری نبھائے گی، چینی سفیر پرامید

Last Updated On 15 June,2018 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر زاہو لی جینگ نے کہا ہے کہ انھیں نگران حکومت پر پورا اعتماد ہے کہ وہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے آنے سے سی پیک نئے انداز سے آگے بڑھے گا اور اب صنعتیں لگائی جائیں گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں چینی سفیر زاہو لی جینگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نئی حکومت کے آنے کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بجلی گھر بنے، موٹروے اور انفراسٹرکچر پر کام ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے تحت 8 پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں اور 14 منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائیں گے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے آئندہ الیکشن کیلئے نیک تمنائیں ہیں۔ چین اور پاکستان کی توجہ معاشی ترقی پر ہے۔ چین معاشی ترقی میں پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ سی پیک پر پورا پاکستان چین کے ساتھ ہے۔