چینی اقتصادی گلوبلائزیشن کا تصور موجودہ دور کی ضرورت، ممنون حسین

Last Updated On 08 June,2018 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر ممنون حسین کا کہنا ہے شنگھائی تعاون تنظیم نے خطے اور دنیا کے مختلف حصوں میں معاشی ترقی اور رابطوں کو بڑھایا ہے۔ ہم پاکستان سے تعاون کے لئے تنظیم میں شامل ممالک کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے۔ صدر شی جن پنگ ایک نظریاتی رہنما ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے چین روانگی سے پہلے پاکستان کے صدر ممنون حسین نے چینی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے پاکستان کو سٹریٹجک شراکت داروں میں شامل کر لیا ہے۔ تنظیم میں شامل ملکوں کے پاکستان سے تعاون کی تعریف کرتا ہوں۔

صدر ممنون حسین نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم نے خطے میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا ہے۔ تنظیم کا اہم مقصد دنیا اور خطے میں دہشتگردی کا خاتمہ، اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ چین کا اقتصادی گلوبلائزیشن کا تصور جامع، متوازن اور فائدہ مند ہے اور موجودہ دور کی ضرورت ہے۔ چین کا بیلٹ اور روڈ منصوبہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ کے لئے رہنما اصول بن گیا ہے۔ صدر شی جن پنگ ایک نظریاتی رہنما ہیں۔

صدر ممنون حسین نے پاکستان اور چین کی دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر عالمی مسئلے پر چین کی حمایت کرتا ہے۔