ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) جنوبی وزیرستان سے ملحقہ پاک افغان بارڈ پر دہشتگردوں کے حملہ کے دوران شہید ہونے والے 3 فوجی جوانوں کی ڈیرہ اسماعیل خان کے پولو گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطف سمیت سول و فوجی افسران کی بڑی تعاداد شریک ہوئی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد حوالدار افتخار، سپاہی آفتاب اور سپاہی عثمان کی میتوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اپنے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔
یاد رہے گزشتہ روز پاک فوج نے افغان دہشتگردوں کی پاکستان چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی تھی، پانچ تخریب کاروں کو جہنم واصل کیا گیا، حوالدار سمیت تین جوان شہید ہوئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:افغان دہشتگردوں کا پاکستانی چوکی پر حملہ، 3 جوان شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان بارڈر سے حملہ شمالی وزیرستان کی ایجنسی شوال کے علاقے میں کیا گیا۔ دہشتگرد پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے جسے پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیا۔ شہید ہونے والوں میں سرگودھا کے رہائشی حوالدار افتخار، چترال کے سپاہی آفتاب اور گجرات سے تعلق رکھنے والے سپاہی عثمان شامل ہیں۔
نگران وزیرِاعظم ناصر الملک نے فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے ملک وقوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کی جرات اور بہادری کو سراہا۔