عید کے دوسرے روز پانی میں نہاتے 6 افراد بپھری لہروں کی نذر ہو گئے۔ سکھر میں دریائے سندھ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
عید کے دوسرے روز متعدد گھرانوں کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ کراچی میں سینڈز پٹ کے ساحل پر نہاتے دو نوجوان موت کے منہ میں چلے گئے۔ لواحقین کے مطابق ساحل پر کوئی لائف گارڈ ہی موجود نہیں تھا۔ لیکن ساحل پر تعینات لائف گارڈ کا موقف ہے کہ میں نہانے پر پابندی ہے، ڈوبنے والوں کو پانی میں نہیں جانا چاہیے تھا۔
دوسرا افسوس ناک واقعہ ٹھٹھہ میں پیش آیا جہاں چترال کا رضا کینجھر جھیل اور کراچی کا بلاول کے ڈی نہر میں ڈوب گیا، دونوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ادھر خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی میں بھی روہڑی کینال میں نہاتے دو نوجوان بپھری لہروں کی نذر ہو گئے جبکہ سکھر میں دریائے سندھ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔