اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار فور جی موبائل سروس کے مبینہ غیرقانونی ٹھیکہ سے متعلق انکوائری میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آج طلبی کا سمن ان کی منسٹرز انکلیو کی رہائشگاہ پر بھجوایا گیا، سمن میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار پر اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، فور جی موبائل سروس کے غیرقانونی ٹھیکہ دینے سے متعلق تفتیش کرنا ہے، آج ہی نیب راولپنڈی کے دفتر میں تفتیشی افسر کے روبرو پیش ہوں، تاہم اسحاق ڈار کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے وہ خود پیش ہوئے نہ ہی ان کی طرف سے کوئی نمائندہ پیش ہوا۔ نیب تفتیشی ٹیم سابق وزیر خزانہ کا راہ دیکھتی رہی۔
یاد رہے احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق نیب ریفرنسز کی سماعت بھی جاری ہے، جس میں سابق وززیر خزانہ کو اشہتاری قرار دیا جاچکا ہے۔