اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن، کشتی خراب ہو جانے کی وجہ سے کھلے سمندر میں پھنسے ایرانی ماہی گیروں کو امداد فراہم کی۔
پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر نے اورماڑہ کے ساحل سے 101 ناٹیکل میل کی دوری پر پھنسی ایرانی ماہی گیری کشتی کو امداد فراہم کی۔ ایرانی ماہی گیر کشتی انجن میں خرابی کی وجہ سے کئی دنوں سے مشکلات کا شکار تھی۔ النعیمی نامی ایرانی کشتی میں عملے کے 13افراد سوار تھے اور کھانے پینے کی تمام اشیاء ختم ہو چکی تھیں۔
پاک بحریہ نے اطلاع موصول ہوتے ہی فوری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا۔ انتہائی خراب موسمی صورتحال کے باوجود کھلے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے پوری جانفشانی کے ساتھ متاثرہ کشتی کا پتا لگایا۔ کشتی پر سوار عملے کے افراد میں پانی کی شدید کمی واقع ہو گئی تھی اور انہیں فوری طبی امداد اور کھانے پینے کی اشیاء کی بھی اشد ضرورت تھی۔
پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر پر سوار سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ایرانی ماہی گیری کشتی کے عملے کو ضروری ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کیں۔ واضح رہے کہ پاک بحریہ پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سمندر میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بھی ہمیشہ سرگرم رہتی ہے۔