اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرکاری حج اسکیم کے تحت پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ حج پروازیں چودہ جولائی سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائیں گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق چودہ جولائی کو حج آپریشن کے پہلے دن پشاور، اسلام آباد، لاہور، سکھر اور کراچی سے پروازیں سعودیہ عرب روانہ ہوں گی۔
کراچی سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز صبح اڑھائی بجے جبکہ اسلام آباد سے صبح سات بجے روانہ ہو گی۔ اگلے روز پندرہ جولائی کو ملتان سے پہلی پرواز ایک سو اسی عازمین کو لے کر روانہ ہو گی جبکہ فیصل آباد سے پہلی حج پرواز سترہ جولائی کو روانہ ہو گی۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پہلے دو روز کے دوران ساڑھے پندرہ سو عازمین حج کو مدینہ منورہ بھجوایا جائے گا۔ حجاجِ کرام کی وطن واپسی کا عمل اٹھائیس اگست سے شروع ہو گا۔
عازمین حج اپنا شیڈول ایس ایم ایس اور ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔ انھیں پرواز سے دو روز قبل حاجی کیمپ پہنچنا ہو گا۔ ترجمان کے مطابق حاجیوں کو پاسپورٹ، ٹکٹ اور گلے کے لاکٹ متعلقہ حاجی کیمپ پر ہی فراہم کئے جائیں گے۔ حاجی کیمپوں پر ویکسین کا عمل پہلے ہی سے شروع ہے۔