اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ نے 12 خطرناک دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکانے کی سزا پر مہر توثیق لگا دی، سفاک مجرم 92 سکیورٹی اہلکاروں اور 7 شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنےکے مرتکب پائے گئے۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نےجن دہشتگردوں کو پھانسی پر لٹکانے کے پروانے پر دستخط کئے ہیں ان میں غنی رحمان، عبدالغازی، ضیاءالرحمان، محمد زبیر، عمر نواز اور ساجد خان شامل ہیں۔ ہیبت خان، احمد شاہ، بازمحمد، مومین خان، سلیمان بہادر اور جاوید خان کی سزائے موت پر بھی مہر ثبت کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والے ان دہشتگردوں نے فورسز کے 92 اہلکاروں اور 7 عام شہریوں کو شہید کیا تھا، 6 دہشتگردوں کو قید کی سزا بھی دی گئی۔