اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں فتح کی امید ہے، وزیراعظم بن کر کرپشن اورغربت کے خلاف تحریک چلاؤں گا۔
تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا وہ رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات میں فتح کے لیے پرامید ہیں، پارٹی اچھا منشور اور امیدوار سامنے لائی ہے، پرامید اور پر اعتماد ہوں، لیکن ابھی میچ ختم نہیں ہوا جب تک آخری بال نہ ہو۔
عمران خان نے انتخابی مہم کے پس پردہ کسی بھی قوت کے کار فرما ہونے کے الزام کی تردید کی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم منتخب ہوکر وہ ملک میں کرپشن اور غربت کے خلاف تحریک چلائیں گے، عمران خان نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ہر مرتبہ احتساب کا عمل روکا گیا، تاہم اب عوام سیاسی جماعتوں کے کرپٹ سربراہان کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کی افغانستان میں موجودگی کی وجہ سے وہاں سیاسی مصالحت کے مواقع کم ہیں۔