لاہور: (دنیانیوز) ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس تشدد ازخود نوٹس کی سماعت میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس تشدد ازخود نوٹس پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ واقعہ کے زیادہ تر ملزمان گرفتار ہو چکے اور ریمانڈ پر ہیں جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئی جی پنجاب دیانت دارآدمی ہیں ،مکمل تفتیش کر کے رپورٹ دیں گے۔
ندیم عباس بارا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ متعلقہ ایس پی نے ذاتی رنجش پر جھوٹا مقدمہ درج کیا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقات کا حکم دے دیا، حقائق سامنے آجائیں گے۔