لاہور: (دنیا نیوز) ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے کنٹریکٹرز کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث کوڑا کرکٹ اُٹھانے کا کام شروع نہ ہو سکا، لاہور میں تعفن پھیلنے لگا۔
لاہور میں روزانہ تقریبا ساڑھے پانچ ہزار ٹن سالڈ ویسٹ پیدا ہوتا ہے جس اُٹھانے کا کام کئی ہفتوں سے تعطل کا شکار ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے کنٹریکٹرز کو ایک ارب ترانوے کروڑ روپے کی ادائیگی ہوئی اور نہ کنٹریکٹرز نے کوڑا کرکٹ اُٹھانے کا کام شروع کیا۔ شہر کے گلی محلے کوڑے کرکٹ سے بھرے پڑے ہیں۔
کوڑے کرکٹ کے یہ ڈھیر شہریوں کے لیے سوہانِ روح بنے ہوئے ہیں، بارش ہونے کی صورت میں صورت حال انتہائی گھمبیر ہو جائے گی۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر رکھے گئے ڈسٹ بن کوڑے کرکٹ سے بھرے نظر آتے ہیں، انہیں نامناسب طریقوں سے رکھے جانے کے باعث یہ ٹریفک کی روانی میں بھی رکاوٹ بن رہے ہیں۔
ڈسٹ بنوں کے نیچے صفائی نہ کیا جانا، الگ سے بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن رہا ہے، اس صورت حال کے حوالے سے حکام کی طرف سے حسبِ معمول ابھی تک صرف دعوؤں سے ہی کام چلایا جا رہا ہے۔