میگا کرپشن مقدمات کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے، چیئرمین نیب

Last Updated On 06 August,2018 11:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب حکام کو ہدایت کی ہے کہ بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کو لاہور آفس میں میگا کرپشن مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے بتایا کہ 56 کمپنیوں میں مبینہ بدعنوانی اور کرپشن کے ثبوت مل گئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ افسران فیس کی بجائے کیس پر توجہ دیں، میگا کرپشن کے مقدمات کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کو بھجوائے گئے تمام مقدمات پر من وعن عمل کرتے ہوئے انھیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بدعنوانی ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔