پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں فقیر کلے کے عوام بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق، پشاور میں فقیر کلے کے عوام بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، اس علاقے میں پہلی بار خواتین بھی احتاجا گھروں سے باہر نکل آئیں، مظاہرے میں بچے بھی شامل تھے۔
مظاہرین نے فقیر کلے چوک کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں 24 گھنٹوں میں سے ایک گھنٹہ بھی بجلی نہیں آتی جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں بجلی، گیس اور پانی کچھ بھی نہیں، مرد تو باہر چلے جاتے ہیں لیکن گھر سنبھالنے کیلئے وہ کیا کریں ؟ جب تک مسئلہ حل نہیں ہوتا روڈ نہیں کھولیں گے۔ مظاہرے کے باعث پجگی، شاد خان کلے اور دیگرعلاقوں کا راستہ پشاور سے کٹ گیا۔ گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں بھی دیکھنے میں آئیں۔