اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف سیاسی جماعتوں کے احتجاج میں چیف جسٹس آف پاکستان کیخلاف نعرے بازی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اسٹنٹ کمشنر آفس کے ملازم شیراز سلیم کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ شامل کی گئی ہے، مقدمے میں محمد امتیاز راجہ اور خاتون کوثر گیلانی کو نامزد کیا گیا۔ دونوں نے سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کیخلاف نعرے بازی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کئے، موقع کی ویڈیو حاصل کر لی گئی ہے۔ ابتدائی شناخت کے بعد اس بات کا پتہ چلایا جا رہا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز اپوزیشن اتحادی جماعتوں نے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ متحدہ اپوزیشن نے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے نئے شفاف انتخابات کرانے، چیف الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے اور پارلیمانی انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ دھاندلی اورجمہوریت پرشب خون کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائیگا، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی مسلسل احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو ، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف شریک نہیں ہو ئے جبکہ راجہ ظفر الحق، یوسف رضا گیلانی، مولانا فضل الرحمان ، راجہ پرویز اشرف ، شیری رحمن، خورشید شاہ ، میاں افتخارحسین، محمودخان اچکزئی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔