اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی حکمت عملی کے تحت اپوزیشن گرینڈ الائنس نے انتخابات 2018ء میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پارلیمنٹ میں قراردادیں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے انتخابات 2018ء میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ایک روز قبل پارلیمانی کمیشن کا اشارہ دیا تھا، اب گرینڈ الائنس کی مشاورت میں پیشرفت سامنے آ گئی ہے، اکثر پارٹیوں نے پارلیمانی کمیشن کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔
نئی حکمت عملی کے تحت گرینڈ الائنس نے مبینہ دھاندلی کیخلاف پارلیمنٹ میں قراردادیں لانے کا فیصلہ کیا ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی سے دھاندلی کی انکوائری کا مطالبہ کیا جائے گا۔ گرینڈ الائنس دونوں ایوانوں سے قراردادوں کی منظوری کے لئے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گا۔
دوسری جانب مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی مخالف جماعتیں دوسرے روز بھی سڑکوں پر رہیں۔ لاہور میں صوبائی الیکشن آفس کے باہر مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی نے دھرنا دیا۔ پشاور میں بھی صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ کوئٹہ میں بھی گرینڈ الائنس نے ریلوے سٹیشن سے الیکشن کمیشن آفس تک ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شفاف الیکشن کے حق میں نعرے درج تھے۔