لاہور: (دنیا نیوز) سابق دور حکومت کا ایک اور کارنامہ منظر عام پر، غیر قانونی طور پر اربوں کے فنڈز کمرشل بینکوں میں منتقل کئے جانے کا انکشاف، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اکاؤنٹس اور فنڈز کی تفصیلات طلب کر لیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور کا ایک اور اسکینڈل سر اٹھانے لگا۔ غیر قانونی طور پر 35 ارب 70 کروڑ روپے کمرشل بینکوں میں رکھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اربوں کے فنڈز کی منتقلی کیلئے 19محکموں نے سینکڑوں اکاؤنٹس کھلوائے۔ فنڈز کہاں استعمال ہوئے محکمہ خزانہ تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔
وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور گورنر ہاؤسز بھی پیچھے نہ رہے، 1200 سے زائد بینک اکاؤنٹس پنجاب بینک سے فنڈز نکال کر بھرے گئے لیکن استعمال کہاں ہوئے تاحال پتہ نہ چل سکا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کمرشل بینکوں کے اکاؤنٹس اور فنڈز کی تفصیلات طلب کر لیں ہیں۔
قانون کے مطابق سرکاری محکموں کے نجی بینک میں اکاؤنٹس کھلوانے کے لئے محکمہ خزانہ اور کابینہ کی اجازت ضروری ہوتی ہے لیکن اس معاملے میں کسی کو اعتماد میں نہ لیا گیا۔