صوبوں میں بھی حلف برداری کی تیاری،3 اسمبلیوں کے اجلاس آج ہونگے

Last Updated On 13 August,2018 08:57 am

کراچی: (دنیا نیوز)صوبوں میں بھی حلف برداری کی تیاری مکمل کر لی گئی، خیبرپختونخوا سمیت 3 اسمبلیوں کے آج اجلاس ہونگے، سندھ اور بلوچستان میں سپیکرز اور ڈپٹی اسپیکرز کا چناو بھی ہوگا۔

سندھ اسمبلی کے 164 نومنتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، جن میں پیپلزپارٹی 97، تحریک انصاف 30، ایم کیو ایم پاکستان21، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 14 اور تحریک لبیک کے 3 ارکان شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلٰی، آغا سراج درانی کو سپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی سپیکر نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلٰی، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں نے کہا پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب نہیں ہونے دیں گے، ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایم کیو ایم پاکستان سے سپیکر اور جی ڈی اے سے ڈپٹی سپیکر کا امیدوار لئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعلٰی کیلئے مشترکہ امیدوار تحریک انصاف سے لایا جائے گا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہو گا، نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے گورنر نے آئین کے آرٹیکل 53 اور 127 کے تحت سردار اورنگزیب نلوٹھا کو پریذائیڈنگ افسر مقرر کر دیا، جو سپیکر کی غیر موجودگی میں نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، نامزد سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر راحیلہ درانی کی صدارت میں آج ہوگا، 65 کے ایوان میں 62 نو منتخب ارکان حلف لیں گے، پی بی 35 مستونگ میں خودکش حملے میں نوبزادہ میر سراج رئیسانی کی شہادت کے بعد انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے، پی بی 41 سے ایم ایم اے کے امیدوار زاہد علی ریکی کا نتیجہ روک لیا گیا جبکہ پی بی 26 ایچ ڈی پی کے امیدوار احمد علی کا کیس محکمہ داخلہ کے پاس ہے۔

حلف برداری کے بعد اجلاس شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا جائے گا، شام کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا، نئے سپیکر سے حلف لینے کے بعد موجودہ سپیکر راحیلہ درانی کرسی نئے سپیکر کے حوالے کریں گی جس کے بعد نئے سپیکر کی نگرانی میں ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا، اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی، سکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
 

Advertisement