عمران خان کے وزیرِاعظم منتخب ہونے پر کھلاڑیوں کا جشن

Last Updated On 17 August,2018 08:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کے باہر اور ملک کے مختلف شہروں میں جشن منایا گیا، کہیں خوشی میں نعرے لگائے گئے تو کہیں بھنگڑے ڈالے گئے، کہیں کیک کاٹا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئیں۔

عمران خان کے بائیس سال کی جدوجہد کے بعد وزیرِاعظم بننے کی خوشی میں کھلاڑیوں کی خوشی اور جوش دیدنی تھا۔ پارلیمنٹ کے باہر نعرہ بازی کی گئی اور مٹھائیاں بھی تقسم کی گئیں، اس موقع پر چاچا کرکٹ بھی جشن منانے والوں میں شامل تھے۔

لاہور میں چیئرمین سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے کیک کاٹا۔ عمران خان کے وزیرِاعظم منتخب ہونے کی خوشی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے جشن منایا۔

کراچی میں رہنماؤں نے کارکنوں کو مٹھائی کھلائی اور کامیابی کی خوشی میں جشن منایا۔ فیصل آباد میں کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ملتان والے بھی کپتان کی کامیابی پر نہال ہوئے، انہوں نے خوشی میں آتشبازی کی اور آپس میں مٹھائی بانٹی۔

پشاور میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے عمران خان کے منتخب ہوتے ہی نعرہ بازی کی۔ مری میں کارکنوں نے خوشی میں جشن منایا اور آتش بازی کی۔ شیخوپورہ کے شہری بھی کامیابی خوشی منانے میں پیچھے نہ رہے اور ایک دوسرے کا منہ میٹھا کرایا۔

نومنتخب وزیرِاعظم کے حلقہ انتخاب اور آبائی شہر میانوالی میں بھی کھلاڑیوں نے خوشی منائی۔ آزاد کشمیر پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں جشن منایا گیا اور کارکنوں نے رہنماؤں کو مبارکباد دی۔