سینیٹ: ن لیگ کا شیری رحمان کو ہٹا کر اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ

Last Updated On 18 August,2018 09:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں فاصلے بڑھ گئے، ن لیگی قیادت نے سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ شیری رحمان کو ہٹا کر ن لیگ نے اپنا اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے اور راجا ظفرالحق کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے. راجا ظفرالحق نے اتحادی جماعتوں کے دستخط کے ساتھ درخواست چیئرمین سینیٹ کوپیش کر دی ہے۔

مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قائد ایوان کے انتخاب کے دوران شہباز شریف کوووٹ نہ دینے پر جوابی اقدام کا فیصلہ کر لیا۔ ن لیگی قیادت نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرپیپلز پارٹی کی شیری رحمان کو ہٹا کر اپنا اپوزیشن لیڈر راجا ظفرالحق کو لانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت راجا ظفرالحق نے اتحادی جماعتوں کے دستخط کے ساتھ درخواست چیئرمین سینیٹ کو دیدی ہے جس میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی سے متعلق کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

یاد رہے قومی اسمبلی میں قائد ایوان (وزیراعظم ) کے انتخاب کے موقع پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف کو امیدوار برائے وزیراعظم سامنے لانے پر پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کیا جو ن لیگ نے تسلیم نہیں کئے اور پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کو ووٹ دینےسے انکار کر دیاتھا۔