نئی حکومت کو خارجہ محاذ پر چیلنجز کا سامنا

Last Updated On 18 August,2018 09:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی نئی حکومت کو خارجہ محاذ پر بیک وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔پاکستان کے دوستوں میں اضافہ جبکہ دشمنوں میں کمی، امریکی کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا، دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کا موقف منوانا ، مسلئہ کشمیر پر عالمی برادری کو ہمنوا بنانا اہم حکومتی اہداف ہوں گے۔

تحریک انصاف حکومت کیلئے سفارتی میدان میں بڑے چیلنجز منتظر ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیا منوانا، ملک کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلوانا، بھارت اور افغانستان سمیت ہمسایوں کیساتھ تعلقات میں بہتری اور امریکہ کیساتھ تناو کے خاتمے کیلئے کئی محاذ فوری فیصلوں کے طلبگار ہیں۔

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت کئی خطرات سے دوچار ہے۔ افغان سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ اسے رو کنے کے لیے طاقت نہیں صرف موثر سفارتکاری ہی کارگر ہو سکتی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فیصلہ کن فتح کے باجود الزامات تشویشناک ہیں، عالمی برادری کی سوچ تبدیل کرنا سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔ کلبھوشن یادیو کے مقدمے کو لیکر دنیا کو یہ بھی باور کرنا ہو گا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔