ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، نواز شریف سیاسی قیدی قرار

Last Updated On 04 September,2018 08:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نواز شریف کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے عدالتی کارروائی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، چیئرمین نیب کی وزیرِاعظم سے ملاقات پر بھی سخت تنقید کی گئی۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو انصاف نہ ملنا نظامِ عدل کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ نواز شریف ایک سیاسی قیدی ہیں اور ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، اس کے باجود ان کو ضمانت نہیں دی جا رہی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ الیکشن میں دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن بنانے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ کمیشن کے قیام کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کیے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کا وزیرِاعظم سے ملنا مفادات کا ٹکراؤ ہے، چیئرمین نیب ایک ایسے شخص سے کیسے مل سکتے ہیں جس کا اپنا کیس نیب میں ہو۔

اجلاس میں کہا گیا کہ تارکینِ وطن کی ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا، الیکشن کمیشن ای ووٹنگ پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔