اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی کی دعوت پر 15 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر کابل جائیں گے۔ وزیر خارجہ کی حیثیت سے شاہ محمود قریشی کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کا دورہ افغانستان دلچسپ اور چیلنج سے بھرپور ہوگیا ہے، وزیر خارجہ دورہ کابل کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے، اشرف غنی کو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی
ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے افغانستان کو ایک مرتبہ پھر امن کی پیشکش کی جائے گی، افغان مسئلے کا مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے پر زور دیا جائے گا۔
ادھر 14 ستمبر کو ترک وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچیں گے، ترک وزیرخارجہ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے، مہمان وزیر پاکستانی قیادت کو ترک صدر رجب طیب اردوان کا پیغام پہنچائیں گے۔