کراچی: (دنیا نیوز) عدالتی کارروائی رنگ لانے لگی، 13 لاپتہ افراد اپنے گھروں میں پہنچ گئے۔
سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کے مقدمات کی مسلسل سماعت اپنا اثر دکھانے لگی ہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ میں لاپتہ افراد کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ رینجرز اور پولیس نے اپنی رپورٹس جمع کرا دیں۔
بتایا گیا کہ لاپتہ ہونے والے 13 افراد گھروں میں واپس پہنچ گئے ہیں۔ گھر لوٹنے والوں میں کورنگی کے الیاس، زاہد اور عارف، ناظم آباد کے محمد اسد اللہ اور ناصر، بغدادی کے منور علی جبکہ دیگر بھی شامل ہیں۔
دوران سماعت ایک بزرگ خاتون نے روتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ وہ شدید بیمار ہیں لیکن بیٹا لاپتہ ہونے کے باعث عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ یہ لوگ ہر سماعت پر آتے ہیں، مگر ہم کیا جواب دیں؟
جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا ایک ماہ میں ہمیں مثبت نتائج سے آگاہ کریں، عدالت نے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔