ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں نیب عدالت نے میٹرو منصوبے میں مبینہ کرپشن پر گرفتار ملزمان کا مزید 12 روز کا جسمانی ریمانڈ دیدیا ہے، ملزمان کو 8 اکتوبر کو دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
ملتان کے میٹرو منصوبے میں مبینہ کرپشن پر چیف انجینئر صابر خان سدوزئی سمیت 6 سرکاری افسران کو نیب نے چند روز پہلے گرفتار کیا گیا تھا، دوران تفتیش گرفتار ملزمان کے انکشافات پر مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے جس کی وجہ سے نیب کی استدعا پر عدالت نے گرفتار ملزمان کا مزید 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
خیال رہے کہ سابقہ حکومت نے میٹرو بس کے 18 کلومیٹر کے منصوبے پر 28 ارب روپے خرچ کیے جس میں مبینہ کرپشن پر ڈی سی آفس کے ریکارڈ روم کو بھی جلا دیا گیا جس کی دوبارہ تحقیقات کے لیئے بھی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
جسمانی ریمانڈ 8 اکتوبر کو مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ نیب عدالت پیش کیا جائیگا جن کی سیکیورٹی کے لیئے بھی مناسب بندوبست کیا گیا ہے۔