اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں 17 انکوائریوں، 2 انوسٹی گیشنز اور بدعنوانی کے 4 ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال کے زیرِ صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں 17 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔ سابق وفاقی وزیر اعجاز جاکھرانی، حنیف عباسی، عارف ابراہیم اور دیگر کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی جبکہ سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی اور جام غلام قادر دریجو کے خلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بدعنوانی کے 4 ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ نیب کی جانب سے چیف ایگزیکٹو قائدِاعظم انٹرنیشنل ہسپتال شوکت علی بنگش، سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن غلام مصطفیٰ، سابق چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈ کوئٹہ خواجہ صدیق اکبر اور سابق سیکرٹری وزارت پانی وبجلی شاہد رفیق کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب افسران احتساب سب کے لیے کے نعرے پر سختی سے عمل پیرا ہیں، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ مقررہ وقت کے اندر جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو منطقی انجام تک نہ پہنچانے والے افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی کے خلاف معزز عدالتوں میں قانون کے مطابق سی ایم اے دائرکی جائیں تا کہ تمام حکم امتناعی خارج کرواتے ہوئے مقدمات کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے۔