اپوزیشن کا واک آؤٹ، فواد چوہدری کی معذرت پر ایوان میں واپسی

Last Updated On 27 September,2018 01:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری کے معافی مانگنے پر اپوزیشن ایوان میں واپس آگئی، اسپیکر اسد قیصر کی ہدایت پر علی محمد خان اور عامر ڈوگر اپوزیشن کو مناکر واپس لائے۔

فواد چوہدری نے کہا میرے الفاظ سے اپوزیشن کو تکلیف ہوئی، معذرت کرتا ہوں، اپوزیشن لیڈر نے بھی حکم کیا، بلاول بھٹو بھی موجود ہیں، میں خورشید شاہ سے بھی معذرت کرتا ہوں، میرے الفاظ سے بدمزگی ہوئی۔

یاد رہے فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں جارحانہ تقریر کرتے ہوئے اپوزیشن کو شدید تنیقد کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا سابقہ ادوار میں ملکی خزانے کو لوٹا گیا، ڈاکے کے پیسے مجروں پر لٹائے گئے، پی آئی اے، اسٹیل مل، ریڈیو کو تباہ کردیا گیا۔

فواد چودہدری نے کہا 30 سال کے تجربہ کار حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو کڑی سزا ملنی چاہیے، بیرون ملک ٹیکسی چلانے والے کو بلا کر ڈی جی ریڈیو لگا دیا گیا، ہمیں کہا جا رہا ہے چندے پر حکومت چلائی جا رہی ہے۔