راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں دیرپا امن واستحکام کیلئے آپریشنز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیرِ صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں یومِ دفاع اور یومِ شہدا پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا گیا۔ فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ ملک میں امن واستحکام ان شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔
آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکا کو اپنے دورہ چین کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے محرم الحرام کے دوران بہترین سیکیورٹی صورتحال پر انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان میں دیرپا امن واستحکام کیلئے آپریشن ردالفساد کے تحت ان آپریشنز کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ ملک میں استحکام کامیاب انسداد دہشتگردی آپریشنز کے نتیجے میں ہوا۔