اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے وفد کا پاکستان حکام کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا۔ پاکستان نے سعودی عرب سے تین ماہ تک یومیہ دو لاکھ بیرل تیل ادھار دینے کی درخواست کر دی۔
سعودی مشیر برائے توانائی احمد حامد الغامدی سے مذاکرات میں وزیرِ توانائی عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ معاشی مشکلات پر قابو پانے کے لیے سعودی عرب تین ماہ تک یومیہ دو لاکھ بیرل تیل ادھار پر فراہم کرے۔
سعودی وفد کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے صنعتی زون میں سرمایہ کاری اور ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔
مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات میں دو طرفہ تجارت بڑھانے اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے روزگار کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
مذاکرات کا پہلا دور ختم ہونے کے بعد اب وفد وزیرِ پیٹرولیم غلام سرور خان اور وزیرِ خزانہ اسد عمر سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔