لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز کا کہنا ہے ن لیگ جمہوریت پر کاربند ہیں، رانا مشہود کا بیان پارٹی کا موقف نہیں ہے، حکومت نے بھینسیں بیچنے کےعلاوہ کیا ہی کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرض کیخلاف دعوے کرنیوالے آج قرض لینے کی باتیں کر رہے ہیں، ن لیگ کو اقتدار کی ہوس نہیں، کنٹینرپر چڑھ کر دعوے کرنا آسان ہے۔ انہوں نے کہا گورنر ہاؤس کھولنے اور وزیر اعظم ہاوس کو لائبریری بنانے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا، کیا عثمان بزدار کو اپنے دائیں بائیں قبضہ گروپ نظر نہیں آتے، کیا ان کو علیم خان اور پرویز الہی دکھائی نہیں دیتے۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے دعوے کرنا آسان ہے، مگر ایک ماہ میں حکومت کاپول کھل گیا۔