کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے سی پیک کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔
کوئٹہ میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے پریس کانفرنس کے دوران یہ اعتراف کیا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کی ایران مکمل حمایت کرتا ہے، یہ منصوبہ خطے میں امن کے ساتھ ترقی کے نئے دور کاآغاز کریگا، اس منصوبے کی کامیابی کے لئے جو ملک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، اسے ایران کھلے دل سے خوش آمدید کہے گا۔
ایرانی سفیر نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ سرحد کے اس پار یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، پاکستان کی جانب سے مختلف وجوہات کے باعث منصوبہ تاحال شروع نہیں ہو سکا ہے۔
امریکا سے ایران کے تعلقات سے متعلق سوال پر ایرانی سفیر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی صورت بھی امریکا کے سامنے نہیں جھکیں گے، مسلم امہ کو مل کر اپنے مشترکہ دشمن کو پہچاننا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سی پیک کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے ایران کو کوئی اعتراض نہیں کیونکہ وہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان میں خوشحالی کا خواہش مند ہے۔