جتنا رونا ہے رولیں، احتساب نہیں رکے گا: فواد چودھری

Last Updated On 08 October,2018 06:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کریں گے لیکن چوروں اور ڈاکوؤں کا احتساب ضرور ہوگا۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو حکومت نے نہیں، نیب نے پکڑا ہے، ہمارا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارے تو اپنے لوگوں کیخلاف مقدمات ہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ حکومت کا شہباز شریف کی گرفتاری سے تعلق نہیں، ان کیخلاف مقدمہ نواز شریف کی حکومت میں بنا، انکوائری کے بعد نیب نے انھیں گرفتار کیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ ہم مخالفین کو سیاسی طور پر نشانہ نہیں بنائیں گے لیکن جو کوئی جتنا رونا چاہے رو لے، چوروں اور ڈاکوؤں کا احتساب ضرور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کریں گے لیکن سیف الرحمان ججز کو سزاؤں کے لیے فون کرتے تھے، ہمیں وہ لوگ انتقامی کارروائی نہ کرنے کا سبق پڑھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کا رویہ عجیب وغریب تھا، چند سینیٹرز نے جوانوں کی تحضیک کا رویہ اپنایا ہوا ہے، ہم شہیدوں کی تحضیک کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری کا سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب قوانین بنانے والے بتائیں گے کہ انتقامی کارروائی کیا ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑیں گے لیکن اس بات پر اپوزیشن والے ڈر کیوں جاتے ہیں؟

 

Advertisement