اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) مریم نواز والدہ بیگم کلثوم کے چہلم کے بعد سیاست میں دوبارہ متحرک ہوں گی، پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ان کیلئے دفتر قائم کیا جا رہا ہے، جہاں پر وہ روزانہ کی بنیاد پر بیٹھا کریں گی۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بیگم کلثوم کا رسم چہلم آئندہ عشرہ میں متوقع ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹریٹ کے اندر ایک الگ آفس کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جہاں پر مریم نواز پارٹی عہدیداروں، کارکنوں بالخصوص لاہور کے حلقہ این اے 127 کے عوام سے ملاقاتیں کریں گی، مریم نواز پارٹی میٹنگز میں شرکت سمیت میڈیا سیل کی بھی نگرانی کریں گی۔
دوسرے مرحلہ پر مریم نواز مختلف شہروں کا دورہ، جلسے جلوسوں سے خطاب، خواتین ریلی میں بھی شرکت کریں گی اور مسلم لیگ (ن) کے احتجاجی مظاہروں اور دیگر پروگرامز میں بھی شریک ہوں گی، مریم نواز سوشل میڈیا ٹیم کو بھی دوبارہ متحرک کریں گی۔