پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ایک قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے مہم تیزی سے جاری ہے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے رشتہ دار دوسرے امیدواروں کے آمنے سامنے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں ایک قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی خالی ہونے والی نشست این اے 35 پر ایم ایم اے کے زاہد اکرم درانی اور پی ٹی آئی کے مولانا نسیم اللہ شاہ جبکہ سابق ایم این اے ناصر خان اور عدنان خان آزاد حیثیت سے میدان میں ہیں۔
ڈیرہ پی کے 97 پر وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین اور مولانا فضل الرحمن کے بھائی عبید الرحمان کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ پی کے 99 ڈیرہ پر اکرام اللہ گنڈا پور کے فرزند آغا اکرام اللہ میدان میں ہیں۔ ضمنی الیکشن میں وفاقی وزیر پرویز خٹک کے فرزند ابراہیم خٹک پی کے 61 اور بھائی لیاقت خٹک پی کے 64 سے اے این پی کے امیدوار نور عالم خان اور شاہد خٹک کے مدمقابل ہیں۔
اسی طرح پی کے 44 پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ اے این پی کے غلام حسن کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مردان میں پی کے 53 سے اے این پی کے احمد بہادر اور پی ٹی آئی کے عبدالسلام کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ پی کے 3 سوات سے پی ٹی آئی کے ساجد علی اور متحدہ اپوزیشن کے سردار خان، پی کے 7 پر پی ٹی آئی کے فضل مولا اور اے این پی کے وقار احمد خان قسمت آزمائی کریں گے۔
پشاور کے حلقہ پی کے 78 پر پی ٹی آئی کے عرفان خان اور متحدہ اپوزیشن کی امیدوار ثمر ہارون بلور کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو گا جبکہ پی کے 71 پر الیکشن 21 اکتوبر کو ہوگا۔