کراچی: (دنیا نیوز) جعلی اکاونٹس کے ذریعے روپے کی ہیرپھیر کرنے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سال 2015 سے پہلے کے تمام اکاونٹس کی بائیو میٹرک تصدیق جلد شروع کر دی جائے گی۔
جعلی اکاونٹس کی سرپرستی کرنے والوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک نے بینک اکاونٹس کی کڑی جانچ پڑتال کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ اب تمام بینک اکاونٹس بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہی تصدیق کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک 2015 سے پہلے کے تمام اکاونٹس کی بائیو میٹرک تصدیق کے احکامات جاری کرسکتا ہے، مرکزی بینک کے فیصلے سے تقریبا 5 کروڑ بینک اکاونٹس کی تصدیق کی جائے گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک اس حوالے سے قوانین آئندہ ہفتے جاری کرسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سٹیٹ بینک کے اس فیصلے سے بے نامی اکاونٹس اور جعلی اکاونٹس کے ذریعے روپے کی ہیرپھیر کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہوگا اور کالے دھن کو آسانی سے چھپایا نہیں جاسکے گا۔