افغان شہریوں کو شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات ہیں، اختر مینگل

Last Updated On 18 October,2018 05:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے افغان شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کرنا ہوںگے۔ جہانگیر ترین نے بی این پی کے حکومت کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

بی این پی کے سربراہ اخترمینگل نے اسلام آباد میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے امور پر گفتگو کی گئی۔

اختر مینگل نے حکومت سے بی این پی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پر تحفظات ہیں۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کو تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے حکومت اور بی این پی کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، بلوچستان کا احساس محرومی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے اختر مینگل کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔