لاہور: (دنیا نیوز) آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سکینڈل میں فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت میں نیب کی جانب سے جواب داخل کروانے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کر لی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فواد حسن فواد کا آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیب نے ٹھوس شواہد کے بغیر انہیں گرفتار کیا، چیئرمین نیب نے نیب آرڈیننس کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
درخواست گزار کے مطابق فواد حسن فواد کا جیل میں علاج بھی نہیں کروایا جا رہا، لہذا ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے جواب داخل کروانے کیلئے مہلت مانگی، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔