اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے اربوں روپے کی بجلی چوری روکنے کیلئے مہم کو ضلعی سطح تک پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے، صوبوں میں چیف منسٹر ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت نے بجلی چوروں کو پکڑنے کا عزم کرتے ہوئے صوبائی ٹاسک فورسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی سطح پر بھرپور مہم چلائی جائے گی جس کی موثر نگرانی بھی ہو گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا پختہ ارادہ اپنی جگہ مگر سسٹم کی اپ گریڈیشن اور بجلی چوری روکنے کی استعداد کار بڑھائے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔
ماہرین کے مطابق حکومت ڈیفالٹرز سے پیسے وصول کر لے تو چار سو ارب روپے تک حاصل کئے جا سکتے ہیں، اس کے بعد بجلی مہنگی کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
پاکستان میں سالانہ ڈیڑھ سے دو سو ارب روپے کی بجلی چوری کی جاتی ہے۔ ماہرین متنبہ کرتے ہیں کہ اگر اس لعنت کو ختم نہ کیا جا سکا تو سسٹم پر اس کے سنگین تنائج ہوں گے جو عوام بھگتیں گے۔