اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ کا اجرا حکومتی رشوت کے برابر ہے، نیب پر خصوصی نظر کرم شکوک و شبہات کو سچ ثابت کر رہی ہے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ نیب کا آزادانہ کردار پہلے ہی مشکوک ہے، حکومتی ذمہ داران کے خلاف زیر سماعت مقدمات الماریوں میں بند ہیں، وزیراعظم چیئرمین نیب کو دھمکیاں دیتے رہے پھر اچانک مہربانیاں کیوں؟
ان کا کہنا تھا کہ نیب کو ثابت کرنا ہے کہ احتساب بلاتفریق ہے سیاسی انتقام نہیں، شہری حکومتی نیب زدگان کی گرفتاریوں کے منتظر ہیں۔