کراچی: (دنیا نیوز) موٹروے پولیس اور ٹرانسپورٹ اتحاد میں مذاکرات ناکام ہونے کے باعث کراچی سپر ہائی وے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا احتجاج آج پانچویں روز بھی جاری ہے۔
ڈرائیوروں نے سپر ہائی وے پر ٹرک کھڑے کر رکھے ہیں، گڈز ٹرانسپورٹ مالکان کا موقف ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ مالکان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس بین الاقوامی قوانین کے مطابق وزن کی پابندی کرائے ،انھوں نے الزام عائد کیا کہ موٹر وے پولیس کے چند افسران رشوت لیکر زائد وزن کی اجازت دے دیتے ہیں اور لائسنس کو بنا ویریفکیشن جعلی قرار دے دیا جاتا ہے۔
سپرہائی وے پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمدو رفت شدید متاثر ہو رہی ہے اور چھٹی کے روز اپنے گھروں کو لوٹنے کے خواہشمند مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔