حکومت کا پٹرول 5 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 31 October,2018 11:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔

 اوگرا ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 97 روپے 83 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھیجی گئی تھی۔ اس کے علاوہ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے دس پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں چھ روپے دو پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم نومبر سے ہو گا۔

لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 82 روپے 44 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 94 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 86 روپے 50 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔