امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں

Last Updated On 06 November,2018 12:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئی ہیں، پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقاتیں کریں گی۔

امریکی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیاء ایلس ویلز منگل کی صبح اسلام آباد پہنچیں، جہاں پر دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق ایلس ویل، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گی، یہ ملاقات امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا تسلسل ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایلس ویلز وزیر خزانہ اسد عمر سے بھی ملاقات کریں گے، ان کی پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران پاک امریکہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور زیر غور آئیں گے جب کہ خطے کی مجموعی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات ہوگی۔
 

Advertisement