تحریک لبیک نے پھر دھرنوں کی دھمکی دیدی

Last Updated On 06 November,2018 07:53 pm

لاہور: ( روزنامہ دنیا ) تحریک لبیک کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، حکومتی اداروں کے سر گرم ہونے کے ساتھ تحریک لبیک پاکستان کی قیادت بھی سر گرم ہو گئی۔

تحریک کی مجلس شوریٰ کا اجلاس گزشتہ رات منعقد ہوا جس میں علامہ خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری، علامہ فاروق الحسن اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تحریک لبیک کے وفد کی رات گئے حکومتی عہدیداروں سے ملاقات بھی ہوئی۔

تحریک لبیک کے ذرائع کا کہنا ہے اگر حکومت کی جانب سے کارکنوں کی گرفتاریوں اور کارروائیوں کا سلسلہ نہ رکا تو آئندہ دو روز میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع ہو جا ئے گا، تحریک لبیک بڑے پیمانے پر احتجاج کی تیا ری کر چکی ہے۔

تحریک لبیک کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوران حکومت و تحریک کے مرکزی قائدین کا متعدد بار رابطہ ہوا ہے جسکے بعد تحریک کے وفد کی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں تحریک کی جانب سے تمام کارکنوں کی رہائی و معاہدہ پر عملدرآمد کا کہا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے آج تحریک لبیک کے وفد کی ملاقات وفاقی حکومت کے وزرا کے ساتھ ہو گی جس کے بعد آئندہ روز تحریک کی جانب سے اگلا لائحہ عمل دیا جائے گا۔