اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا امدادی پیکج غیر مشروط ہے۔ یمن کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان وہ کردار ادا کر رہے ہیں جو پاکستان کو ادا کرنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے زیرِ صدارت اجلاس میں حکومت کی خارجہ پالیسی پر بحث کو سمیٹ رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی عوامی امنگوں اور قومی مفاد کے مطابق ہے، سعودی امدادی پیکج ہماری کامیاب کوششوں کی واضح مثال ہے، یہ پیکج غیر مشروط ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں جو کشیدگی پیدا ہوئی ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی، یمن کی صورتحال پر پاکستان کو تشویش ہے۔ سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات ہیں اور ایران بھی ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی صورتحال کو سمجھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ افغان مسئلے کے پر امن حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی اجلاس دسمبر میں کابل میں ہو گا جس میں افغانستان کے امن اور بہتری کے لئے بات ہو گی۔
وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ چین کو کامیاب دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک پر قومی اتفاق رائے ہے، منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم کے دورہ چین سے بھارت سمیت دنیا کو پیغام ملا ہے کہ پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
شاہ محمودقریشی نےکہا کہ یمن تنازع میں پاکستان ذمہ دارانہ کردار ادا کرے گا، خطے میں کھینچا تانی پاکستان کو متاثر کر سکتی ہے۔