فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ کے لیے وکلا نے تیسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا، احتجاجی وکلا نے سائلین کو زبردستی عدالتوں سے باہر نکال دیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
فیصل آباد میں وکلا کی جانب سے ہائی کورٹ بنچ کے مطالبے نے زور پکڑ لیا، کالے کوٹ والوں نے تیسرے دن بھی عدالتی معاملات نہ چلنے دئیے، وکلا نے عدالتوں کا نا صرف بائیکاٹ کیا بلکہ سائلین کو بھی زبردستی احاطہ عدالت سے باہر نکال دیا۔
وکلا سائلین کیلئے خوف کی علامت بنے رہے، جنہوں نے خاردار تاروں سے زرعی یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا، انصاف کی جنگ لڑنے والوں نے آج پھر قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا اور سی پی او آفس اور سیشن کورٹ کے گیٹ پر ڈنڈے بھی برسائے۔
سی پی آفس اور ڈپٹی کمشنر کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی، وکلا کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ بنچ کے قیام تک تحریک جاری رہے گی اور اس کی شدت میں کمی نہیں آئے گی۔
ہائی کورٹ بنچ کی تحریک پر وکلا تقسیم ہوئے دکھائی دئیے، سینئر وکلا تحریک کو پرامن رکھنے کیلئے کوشاں رہے لیکن جونئیر وکلا نے کسی کی ایک نا سنی۔