فیصل آباد: موسم سرما آتے ہی گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، شہری پریشان

Last Updated On 26 October,2018 11:36 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پکڑنے لگا، سوئی گیس کی بندش سے کھانا پکانے سمیت دیگر معمولات زندگی بھی متاثر ہونے لگے۔

80 لاکھ سے زائد آبادی والے شہر فیصل آباد میں ہر سال موسم سرما میں پیش آنے والا سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نا ہوسکا۔ جیسے ہی موسم نے کروٹ بدلی تو علامہ اقبال کالونی، سمن آباد اور ڈی ٹائپ کالونی سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑنے لگا۔

گیس کی بندش کے باعث خواتین کھانا پکانے کیلئے لکڑیوں کی آگ جلانے پر مجبور ہوگئیں، خواتین کا کہنا ہے کہ ہر ماہ بھاری مالیت کے بل تو بھیج دئیے جاتے ہیں مگر گیس کی فراہمی کویقینی نہیں بنایا جاتا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ریت کے محل قائم کرنے کی بجائے حقیقی معنوں میں اقدامات اُٹھاتے ہوئے شہریوں کے مسائل کا خاتمہ کیا جائے۔
 

Advertisement