لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے. مولانا عبدالوہاب نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے جہاںان کا انتقال ہو گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ لاہور میں بعد نماز مغرب رائے ونڈ پنڈال میں ادا کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے، وہ گزشتہ کئی سالوں سے علیل تھے، انہیں ڈینگی بخار کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حاجی عبدالوہاب کی عمر 94 سال تھی اور وہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق حاجی عبدالوہاب کی گزشتہ کئی روز سے طبیعت شدید خراب تھی جس کے باعث رواں سال کے تبلیغی اجتماع میں شرکت بھی نہیں کرسکے۔
مرحوم کی نماز جنازہ لاہور میں بعد نماز مغرب رائے ونڈ پنڈال میں ادا کی جائے گی۔ حاجی عبدالوہاب تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
، دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے پیغام میں کہا کہ حاجی عبدالوہاب کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خدا ان کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے۔ وزیراطلاعات فواد چودھری، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے علاوہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم اورنگزیب نے بھی اظہار افسوس کیا۔
دوسری جانب پی آئی اے نے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کی آسانی کیلئے خصوصی پروازیں بھی چلائیں، پی آئی اے انتظایہ کے مطابق کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، کراچی سے لاہورکادوطرفہ کرایہ اکتالیس ہزارہے۔