بچوں کی فلاح و بہبود سے آگاہی کا آج عالمی دن

Last Updated On 20 November,2018 04:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بچوں کی فلاح وبہبود اور انکا خیال رکھنے کی آگاہی کےلیے دنیا بھر میں آج ورلڈ چلڈرن ڈے منایا جاتا ہے لیکن پاکستان میں گنگا الٹی بہتی ہے جہاں روزانہ سینکڑوں بچے بھوک سے مرجاتے ہیں۔ پینے کو صاف پانی تک نہیں ملتا اور پیدا ہوتے ہی بیماریاں گھیر لیتی ہیں۔

بچے پھولوں جیسے ہوتے ہیں اس لیے انکا خیال بھی پھولوں کی طرح ہی رکھنا چاہیے۔ بس اتنی سی بات سمجھانے کے لیے ہر سال 20 نومبر کو عالمی یوم اطفال منایا جاتا ہے۔ لیکن پاکستان آتے آتے یہ پیغام خود شرمندہ سا ہو جاتا ہے۔

امیر حکمرانوں کے غریب ملک میں غریب کے بچوں کو پیٹ بھرکھانے کو روٹی نہیں ملتی، پینے کا صاف پانی نہیں ملتا مگر بیماریوں کی یلغار پیچھا نہیں چھوڑتی۔ صرف نمونیے کی بیماری ہرسال ایک لاکھ بچے نگل جاتی ہے

طبی ماہرین کہتے ہیں جسمانی کمزوری، ذہنی کمزوری کا سبب بھی ہے. یہی وجہ ہے کہ غذائی قلت کا شکار بچوں کا آئی کیو لیول کم ہوتا ہے۔ حفاظتی ٹیکوں کی وجہ سے پاکستان میں خناق، کالی کھانسی، تشنج اور خسرہ کے کیسز میں کمی تو آئی ہے لیکن مکمل خاتمہ نہیں ہوسکا۔