اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت عدالت نے مسترد کر دی جس پر انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔سابق ایم ڈی پی ٹی وی شاہد مسعود پر 3 کروڑ کی خوردبرد کا الزام ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی وی کرپشن کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ ڈاکٹر شاہد مسعود کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ شاہد مسعود کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ شاہد مسعود مقدمے میں نامزد ملزم نہیں۔
دوران سماعت پی ٹی وی کے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس میں پی ٹی وی کے کاشف ربانی شریک ملزم ہیں، شاہد مسعود نے جعلی کمپنی سے کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا، جعلی کمپنی کو معاہدے کے وقت 3 کروڑ 70 لاکھ کی فوری ادائیگی کی گئی، کمپنی لاہور میں کیٹرنگ اور دیگوں کا کام کرتی تھی۔عدالت نےوکلا کے دلائل سننے کے بعد پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جس پرشاہد مسعود کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔