اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ اور چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت چیف جسٹس کو ارسال کر دی۔
سینیٹر فیصل رضا عابدی کی ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ فیصل رضا عابدی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں، اس لیے یہ ڈویژن بنچ کا معاملہ بنتا ہے۔
وکیل نے کہا کہ دوسری درخواست جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ سن رہا ہے، یہ درخواست بھی اسی کے ساتھ لگا دی جائے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ درخواست ڈویژن بنچ میں مقرر کرنے کے لیے چیف جسٹس کو ارسال کر رہا ہوں، وہی فیصلہ کریں گے۔