کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے قبل ازوقت انتخابات کی تردید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے بڑے لیڈر کی گرفتاری کی پیش گوئی کر دی۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے سرکاری سکول میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ یہ سکول پانی کی لائن پر تعمیر کیا گیا ہے اور یہاں کچرا بھی پھینکا جاتا ہے، گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی نے سکول کی بہتری کے لیے اقدامات شروع کیے جس پر سکول انتظامیہ کا تبادلہ کر دیاگیا۔
فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ ایک طرف جیل والے کمرے سے شہد اور زیتون تو دوسری طرف عوام کا تیل نکل رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے قبل ازوقت انتخابات کو رد کرتے ہوئے پی پی کے بڑے لیڈرکی گرفتاری کی پیش گوئی کر دی اور کہا کہ ان کا بڑا لیڈر عنقریب پکڑا جانے والا ہے جس نے گیارہ سال سندھ کو لوٹا، جب لیڈر پکڑا جائے گا تو یہ تتر بتر ہونگے۔
انہوں نے وزیر تعلیم سندھ کے اپنے بچے کے سرکاری سکول میں داخلے پر کہا کہ شاید وہی ایک سکول اس قابل ہوگا، ورنہ تو سندھ کے بیشتر تعلیمی اداروں میں فرنیچر ہی موجود نہیں اور چھتیں گر رہی ہیں۔